اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نگراں وزیر داخلہ سرفراز احمد بگٹی کی چینی ہم منصب وانگ ژاؤ ہانگ سے ملاقات میں باہمی ترقی اور سیکیورٹی کے لیے تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ چین پاکستان کا آزمایا ہوا اور سدا بہار اسٹریٹجک دوست ملک ہے، چینی حکومت اورعوام کی پاکستان کی غیرمشروط حمایت قابل تحسین ہے۔
انھوں نے چینی وزیرداخلہ کو پاکستان میں چینی باشندوں کی فول پروف سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کرائی۔
چینی وزیر برائے پبلک سکیورٹی نے دہشت گردی اور منشیات کی روک تھام کے لیے حکومت پاکستان کے عزم اور اقدامات کو سراہا۔
وانگ ژاؤ ہانگ نے چینی شہریوں اور تنصیبات کی سکیورٹی کے لیے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان اور چین مشترکہ تعاون کے ذریعے دشمن عناصر کے مذموم عزائم ناکام بناسکتے ہیں۔
