You are currently viewing چین میں شادیوں کی شرح 37 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

چین میں شادیوں کی شرح 37 سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی

بیجنگ (ڈیسک)چین میں شادیوں کی شرح 37سال کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی جس کی بنیادی وجوہات میں کورونا وائرس کی وبا کو پھیلنے سے روکنے کے لئے عائد کی گئی پابندیاں، تعلیم اور مہنگائی شامل ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق چین کے نیشنل بیورو آف سٹیٹسٹکس کی طرف سے جاری اعداد و شمار سے اندازہ ہوتا ہے کہ چین پہلے ہی شرح پیدائش میں انتہائی کمی کے مسئلے سے دوچار ہے۔ 2020 میں چین میں کل ایک کروڑ 22 لاکھ 88 ہزار جوڑوں کی پہلی شادی کا اندراج کیا گیا جو 2021 میں کم ہو کر ایک کروڑ 15 لاکھ 80 ہزار رہ گیا۔
چین کے نیشنل بیورو آف سٹیٹسٹکس کے اعداد و شمار کے مطابق ملک میں 1985 کے بعد پہلی بار جوڑوں کی پہلی شادی کا سالانہ اندراج ایک کروڑ 20 لاکھ سے کم رہا ہے۔ چین میں 2013 میں ریکارڈ دو کروڑ 38 لاکھ جوڑوں نے پہلی شادی کی تھی جس میں اب 51 فیصد کمی آچکی ہے۔
چین کے سینٹر فار پاپولیشن اینڈ ڈیویلپمنٹ سٹڈیز کے ڈیموگرافر سانگ جیان نے بتایا کہ شادیوں کی شرح میں کمی کی ایک وجہ نوجوانوں کی اعلی تعلیم تک رسائی کے مواقع میں اضافہ ہے۔ اب زیادہ طلبہ اعلی تعلیم حاصل کرنے کے بعد معاشی استحکام کوترجیح دے رہے ہیں اور اس مقصد کے حصول میں زیادہ تر نوجوانوں کی شادی کی عمر گزر جاتی ہے۔
بعض دیگر ماہرین نے کورونا وائرس کی وبا کے دوران عائد کی گئی پابندیوں کو بھی کم شادیوں کی وجہ قرار دیا کیونکہ ان پابندیوں کی وجہ سے لوگوں کے باہمی روابط میں کمی آئی ہے۔
اسی طرح چین میں مہنگائی کی وجہ سے بچوں کی پرورش کے اخراجات میں اضافے کو بھی شادیوں کی شرح میں کمی کا باعث قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا ہے کہ شادیوں کی شرح میں کمی کے باعث چین میں شرح پیدائش میں بھی کمی آئی ہے جو گزشتہ سال 1961کے بعد کم ترین سطح پر دیکھی گئی ہے۔
چین میں حکام ایک طویل عرصہ تک کم بچوں کی پالیسی پر عمل پیرا رہنے کے بعد اب ملکی آبادی میں معمر افراد کے تناسب میں اضافے اور صنفی تناسب میں بڑھتے فرق کے باعث شادی شدہ جوڑوں کو زیادہ بچے پیدا کرنے کی ترغیب دے رہے ہیں۔ چین میں فی خاندان ایک بچہ کی پالیسی کو 2015 میں ختم کر دیا گیا تھا جس کے بعد خاندانوں کو دو بچے پیدا کرنے کی اجازت دی گئی جبکہ گزشتہ سال سے چینی جوڑوں کو تین بچے پیدا کرنے کی اجازت ہے۔ چین کے صدر شی جن پنگ نے ملک میں شرح پیدائش میں اضافے کے لئے نئی پالیسیاں متعارف کرانے کا وعدہ کر کھا ہے۔