ٹوکیو( جاپان ) جاپان کے وزیر دفاع تارو کونو نے کہا ہے کہ چین بحیرہ جنوبی چین کے مشرق میں واقع متنازعہ جزائر کے قریب فوجی سرگرمیوں سے گریز کرے۔
انہوں نے یہ بات چین کے سفیر کانگ شوان یو سے ملاقات میں کہی۔جاپانی اخبار کی رپورٹ کے مطابق جاپانی وزیر نے اس موقع پر متازعہ جزائر سین کاکو کے قریب چین بحری جہازوں کی آمدورفت پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔ جاپانی وزیر دفاع نے رواں ماہ کے آغاز میں جاری ایک بیان میں کہا تھا کہ چین بحری جہازوں کی متنازعہ سین کاکو جزائر کے قریب سرگرمیوں میں اضافے کی صورت میں جاپانی افواج کارروائی کر سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ ان متازعہ جزائر پر جاپان کا کنٹرول ہے تاہم چین کا دعویٰ ہے کہ یہ جزائر چینی حدود کے اندر ہیں اور چین کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو اس علاقے میں سرگرمیوں کا حق حاصل ہے۔ چینی حکام نے جاپان کے ساتھ کشیدگی سے گریز کی پالیسی کے تحت چینی ماہی گیروں کو متنازعہ جزائر کے قریب جانے سے روک رکھا ہے۔