You are currently viewing چینی ہیکر زہمارے فنڈز لے اڑے، امریکی خفیہ سروس کا دعویٰ

چینی ہیکر زہمارے فنڈز لے اڑے، امریکی خفیہ سروس کا دعویٰ

واشنگٹن (ڈیسک) امریکی خفیہ سروس نے دعویٰ کیا ہے کہ چینی ہیکروں نے 2020 سے اب تک امریکا کے کووِڈ ریلیف فنڈ سے لاکھوں ڈالراڑا لیے ہیں تاہم مزیدتفصیلات فراہم کرنے سے انکارکردیا ۔
سعودی خبررساں ادارے کے مطابق امریکا کی خفیہ سروس نے این بی سی نیوز کی ایک رپورٹ کی تصدیق کی جس میں کہا گیا ہے کہ چینی ہیکروں کی ٹیم مبینہ طور پرامریکی فنڈز کی چوری کی ذمہ دار ہے۔وہ سکیورٹی ریسرچ کمیونٹی میں اے پی ٹی 41 یا وِنٹی کے نام سے جانی جاتی ہے۔
ماہرین کے مطابق اے پی ٹی 41 ایک زبردست سائبرکریمنل گروپ ہے۔اس نے حکومت کی حمایت یافتہ سائبردراندازی کے علاوہ مالی فوائد کے لیے ڈیٹا کے تحفظ کے قوانین کی خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا ہے۔
اس ہیکنگ گروپ کے متعددارکان پر2019 اور 2020 میں امریکی محکمہ انصاف نے 100 سے زیادہ کمپنیوں کی جاسوسی کرنے کے الزام میں فردِجرم عائد کی تھی۔ان میں سافٹ ویئرڈویلپمنٹ کمپنیاں، ٹیلی مواصلاتی خدمات مہیا کرنے والی کمپنیاں، سوشل میڈیا فرمز اوروڈیو گیم ڈویلپرز شامل ہیں۔
سابق ڈپٹی اٹارنی جنرل جیفری روزن نے اس وقت کہا تھا کہ افسوس کی بات ہے،چینی کمیونسٹ پارٹی نے چین کو سائبرمجرموں کے لیے محفوظ بنانے کا ایک مختلف راستہ اختیارکیا ہے۔ وہ چین سے باہر کمپیوٹرز پر حملے کرتے ہیں اور چین کے لیے حقوق دانش کی حامل املاک چوری کرتے ہیں۔