لاہور (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے بشام حملے میں چینی انجینئرز کی حفاظت میں غفلت پر 5 افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیا ہے۔
عطا تارڑ نے لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وزیراعظم نے داسو واقعہ پر انکوائری کمیٹی بنائی تھی اور کمیٹی کی رپورٹ کی روشنی میں وزیراعظم نے چند افسران کےخلاف کارروائی کاحکم دیاہے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے آر پی او ہزارہ ڈویژن، ڈی پی او اپر کوہستان، ڈی پی او لوئر کوہستان کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی ہے جبکہ ڈائریکٹر سکیورٹی داسو ہائیڈروپاور پراجیکٹ کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیا گیاہے۔
عطا تارڑ نے بتایا کہ وزیراعظم نے کمانڈنٹ اسپیشل سکیورٹی یونٹ خیبر پختونخوا کے خلاف بھی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے حکام کو 15 دن کے اندر افسران کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کی ہے۔