استور(ڈیسک) لوئر کچورا کی صورت حال کا جائزہ لینے کے حوالے سے چیف سیکرٹری گلگت بلتستان بابر حیات تارڑ کی صدار ت میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں کمشنر بلتستان حمزہ سالک ، سیکرٹری جنگلات و جنگلی حیات اور ماحولیات آصف اللہ خان ،ڈی سی سکردو، نمائندہ62 بریگیڈ، ایف ڈبلیواو، جی بی سکاؤٹس اور ایس سی او کے نمائیندوں سپریم اپیلٹ کورٹ،ملالکان ہوٹل اور ڈائریکٹرماحولیات نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر ماحولیات گلگت بلتستان شہزاد شگری نے لوئر کچورا جھیل کی موجودہ صورت حال اور جھیل کو لاحق شدید ماحولیات آلودگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ماحولیا ت کی طرف جھیل کو آلودگی سے پہنچنے والے نقصانات کا تین روز تک مکمل سروے کیا ہے اور سروے سے پتہ چلا ہے کہ جھیل کو اگرآلودگی سے محفوظ نہیں کیا گیا تو جھیل میں موجودہ ٹراؤٹ مچھلی کی پیدوار کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔ انہوں نے بریفنگ میں سفارش کی ہے کہ جھیل کے تحفظ کے لیے موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ تمام ریسٹ ہاؤسز اور جھیل کے قریب موجود ہوٹل مالکان کو بھی اس قسم کے اقداما ت اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اجلاس میں چیف سیکرٹری نے فوری طور پر لوئر کچورا جھیل کو آلودگی سے بچانے کے لیے قلیل معیاد اور طویل المعیاد اقدامات کی ضرورت پر زور دیا ہے۔