لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت سے دہشت گردی مقدمات میں عبوری ضمانتیں خارج کرنے کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی وساطت سے دائر درخواست میں سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل سمیت دیگر کو فریق بنایا ہے۔
لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے واقعات کے بعد درج مقدمات میں تحریک انصاف کے چیئرمین کی عدم پیشی کی بنیاد پر عبوری ضمانتوں کو خارج کیا تھا۔
عمران خان اس وقت اٹک جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں جبکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت نے سائفر کیس میں ان کا 13ستمبر تک جوڈیشل ریمانڈ دے رکھا ہے۔
توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کی دی جانے والی سزا کو معطل کر کے ان کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔
یاد رہے کہ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت سے عمران خان کی ضمانتیں عدم پیروی کی بنیاد پر خارج کی گئی تھیں۔