You are currently viewing چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک اینٹ نہیں لگائی ، بلکہ اینٹ سے اینٹ بجائی

چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک اینٹ نہیں لگائی ، بلکہ اینٹ سے اینٹ بجائی

لاہور (ڈیسک) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے ایک اینٹ نہیں لگائی بلکہ اینٹ سے اینٹ بجائی۔
انھوں نے کہا کہ نیازی نے جو کیا وہ احتساب نہیں بلکہ انتقام تھا، آپ نے اپنی اہلیہ کا تحفظ کیوں کیا، آپ نے مالم جبہ کیس کے ملزمان کو کیوں کلیئرنس دی؟
وزیر اعظم لاہور میں یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے، حکومت نے وزیرِ اعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت باصلاحیت نوجوانوں کو کاروبار شروع کرنے کے لیے آسان شرائط پر قرضوں کا آغاز کر دیا ہے، خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے اس اسکیم میں خصوصی کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر اعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) پروگرام ہمارے لیے حلوہ نہیں بلکہ چیلنج ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کی گئیں، جیسے ہی روپے کو استحکام ملا اس کا فائدہ عوام کو دیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ ملک کے خلاف سازشوں کا قلع قمع کیا گیا ہے، کچھ روز پہلے اسرائیل کا پاکستان کے خلاف بیان آیا، اللّٰہ تعالیٰ نے تمام سازشوں کو نیست و نابود کر دیا۔
وزیرِ اعظم کا کہنا تھا کہ بی آر ٹی، مالم جبہ، چینی اسکینڈل اور 190ملین پاؤنڈ اسکینڈل ہمارے زمانے میں تو نہیں ہوا، یہ نیازی کے دور کے اسکینڈل ہیں۔
انھوں نے مزید کہا کہ ایک بھی سفارش پر اگر کسی کو لیپ ٹاپ ملا تو قوم سے معافی مانگوں گا، ہر وقت قوم کو دھوکا دینے اور الزامات لگانے سے بڑی ملک دشمنی ہو ہی نہیں سکتی۔
شہباز شریف نے کہا کہ جس کو بھی آپ عوام آگے لائیں گے ہم تسلیم کریں گے، نواز شریف کو اگر موقع دیا تو وعدہ ہے کہ پاکستان کو ترقی اور خوش حالی کی طرف لے کر جائیں گے۔
مسلم لیگ ن کے صدر نے کہا کہ عوام حقائق کی بنیاد پر انتخابات میں ووٹ دیں، انتخابات میں عوام جو بھی فیصلہ کریں گے، من و عن قبول کریں گے۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.