اسلام آباد (ڈیسک) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے سینیٹ کی گولڈن جوبلی کے تھیم سانگ (ترانہ) کا افتتاح پارلیمنٹ ہاؤس میں کردیا۔
سینیٹ سیکریٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق گولڈن جوبلی ترانہ چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کی خصوصی ہدایت پر تیار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ گولڈن جوبلی ترانے میں پاکستان کے تنوع اور اس کے لئے ایوان بالا کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔ سینیٹ کی گولڈن جوبلی تقریب کے تھیم سانگ کا افتتاح کرنے کے لیے آج یہاں آنا اعزاز کی بات ہے۔ پاکستان کے جمہوری نظام میں آج کا دن اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ آج کا دن جمہوریت کے اصولوں سے ہماری وابستگی کے اعادے کا دن ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ یہ تھیم سانگ گزشتہ 50 سال میں سینیٹ کے تاریخی سفر کی نمائندگی کرتا ہے۔ آج کا دن ایوان بالا کی کاوشوں اور اہم کامیابیوں کو اجاگر کرتا ہے۔ اراکین سینیٹ، عملے اور ان تمام لوگوں کی محنت اور لگن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے50 برس سے سینیٹ کی کامیابیوں میں اپنا حصہ ڈالا، ہمیں جمہوری اداروں کو مضبوط بنانے اور قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کی کوششوں کو جاری رکھنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ احتساب، شفافیت اور گڈ گورننس کو یقینی بنانے میں سینیٹ کا ہمیشہ اہم کردار رہا ہے،ملک و قوم کے روشن مستقبل کی خاطر ہمیں اس ذمہ داری کو نبھانے کے لیے انتھک محنت کر نی ہو گی، مجھے یقین ہے کہ یہ تھیم سانگ سینیٹ کی بھرپور تاریخ اور آنے والی بے پناہ صلاحیتوں کی یاد دلاتا رہے گا۔اس موقع پر تقریب کے شرکا نے تھیم سانگ میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا اور چیئرمین سینیٹ کی کاوشوں کو سراہا۔
