You are currently viewing چھ ماہ میں فائیو جی لانچ کر دیں گے، چیئرمین پی ٹی اے

چھ ماہ میں فائیو جی لانچ کر دیں گے، چیئرمین پی ٹی اے

اسلام آباد (ڈیسک) پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین عامر عظیم باجوہ نے کہا ہے کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے اجرا کے لئے حکومت جب پالیسی کے تحت ہمیں کہے گی تو 6 سے 7 ماہ کے اندر ہم لانچ کر دیں گے، اسٹیٹ بینک کی جانب سے ایپس کے ذریعے ادائیگیوں پر پابندی سے آئی ٹی اور ٹیلی کام کی صنعتیں مشکلات کا شکار ہو ں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے پی پی سے خصوصی بات چیت کے دوران کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ فائیو جی پر کام شروع ہے،حکومت جب ہمیں پالیسی کے تحت کہے گی تو ہم ایک کنسلٹنٹ کی خدمات لے کر 6 سے7 ماہ کے اندر اس کا اجرا کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل فون کمپنیوں کے ساتھ فائیو جی کے حوالے سے رابطے میں ہیں، اسٹیک ہولڈرز کیساتھ با ت چیت جاری ہے۔
انہوں نے کہا کہ سٹیٹ بینک نے ایپس کے ذریعے ادائیگیوں پر پابندی کا فیصلہ کیا ہے ، ہم اس پر عملدرآمد کرائیں گے تاہم اس سے آئی ٹی اور ٹیلی کام کی صنعت کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے بات کی جا رہی ہے کہ موبائل فون کمپنیاں ایک دوسرے سے ضم کئے جانے سے متعلق بات چیت کررہی ہیں مگر میں واضح کرنا چاہتا ہو ں کہ اپنے طور پر کوئی کمپنی انضمام نہیں کر سکتی، پی ٹی اے کی طرف سے اس سلسلے میں قواعد و ضوابط واضح ہیں تاہم کمپنیوں کو آزادانہ طورپر بزنس کرنے کا حق حاصل ہے لیکن قوانین کی خلاف ورزی کی قطعا کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔