اسلام آباد (ڈیسک) 11اور 15دسمبر کو افغانستان بارڈر فورسز کی جانب سے پاکستانی سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری پر وزارت خارجہ نے اسلام آباد میں افغان ناظم الامور کو طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔
ترجمان وزارت خارجہ کے مطابق افغان فوجی اہلکاروں کی جانب سے چمن سرحد پر فائرنگ اور بمباری کی شدید مذمت کی گئی ، افغان حکام کو بتایا گیا کہ ہمسایہ ممالک ہونے کے ناطے سرحد پر امن و امان دونوں ملکوں کی ذمے داری ہے اور کشیدگی کسی کے بھی مفاد میں نہیں۔
دونوں واقعات کے نتیجے میں چھ شہری شہید اور ستائیس زخمی ہو چکے ہیں۔ پاک افغان سرحد کلی شیخ لعل محمد پر باڑ کے تنازع کے بعد فائرنگ کی گئی جس میں پاکستانی شہری زخمی ہوئے اور املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
بعد ازاں پاکستان نے بھی بھرپور جوابی کارروائی کی ۔ انتظامیہ کی جانب سے چمن شہر میں سیکیورٹی انتظامات سخت کر دیے گئے اور سرحد کے قریب رہائشی علاقے خالی کروا لیے گئے۔
