میانوالی (ڈیسک) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے 3 ارب 48 کروڑ ڈالر مالیت کے 1200 میگاواٹ کے حامل چشمہ۔5 منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا جو 7سے 8 سال میں مکمل ہو گا۔
30جون 2023کو وزیراعظم کی موجودگی میں چائنا نیشنل نیوکلیئر کوآپریشن اوورسیز لمیٹڈ (سی این او ایس) اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن (پی اے ای سی) کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے تھے۔
آج (جمعہ کو ) سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صاف ستھرے اور سستے توانائی کے ذرائع کی ملکی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے منصوبے کو مقررہ وقت سے پہلے مکمل کیا جائے، یہ منصوبہ ایک بہت بڑا سنگ میل اور دو عظیم دوست ممالک چین اور پاکستان کے درمیان تعاون کی علامت ہے جس سے ملک کو صاف، موثر اور نسبتا سستی توانائی کے فروغ میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ کئی سال کے وقفہ کے بعد چین۔پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ پر کام ایک بار پھر زوروں پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ چشمہ۔5 کے معاہدہ کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کا سہرا مخلوط حکومت اور ایس ڈی پی کے سر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے مخالف ہر طرف یہ افواہیں پھیلا رہے تھے کہ پاکستان دیوالیہ ہو رہا ہے لیکن ہم نے صرف 15 ماہ میں تمام رکاوٹوں کو دور کیا، حکومتی ٹیم کی کاوشوں سے ملک کے دیوالیہ ہونے کا خطرہ مکمل طور پر ٹل گیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے پروگرام کی چند روز قبل منظوری دی گئی اور 48گھنٹوں کے اندر پاکستان کے برادر ممالک سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کی جانب سے تقریبا ساڑھے چار ارب ڈالر کے علاوہ آئی ایم ایف سے ایک ارب 20کروڑ ڈالر منتقل ہوئے، چار ماہ قبل چینی حکومت اور کمرشل بینکوں نے پاکستان کو پانچ ارب ڈالر کی رقم واپس بھیجی۔
وزیراعظم نے چینی صدر شی جن پنگ، سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زید النہیان کو مشکل وقت میں مدد کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔