You are currently viewing پی ٹی وی کے مشہور اداکار افضال احمد (افضال چچا) انتقال کر گئے

پی ٹی وی کے مشہور اداکار افضال احمد (افضال چچا) انتقال کر گئے

لاہور (ڈیسک) پاکستان ٹیلی ویژن کے مشہور و معروف اداکار، لیجنڈ افضال احمد انتقال کر گئے۔ لاہور کےجنرل اسپتال میں وہ اللہ کو پیارے ہو گئے۔ ذرائع کے مطابق انھیں برین ہیمریج ہوا تھا جس کے باعث انھیں اسپتال میں داخل کیا گیا تھا، ایک روز اسپتال میں رہنے کے بعد وہ جانبر نہ ہو سکے اور انتقال کر گئے۔
اداکار افضال احمد نے پسماندگان میں تین بیٹیاں چھوڑی ہیں جو بیرون ملک ہیں۔ بیٹیوں اور ان کی بہن جو امریکا میں مقیم ہیں، کے آنے کے بعد ان کی تدفین کی جائے گی، ان کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ تدفین کل بروز ہفتہ کی جائے گی۔
نامور اداکار افضال احمد جھنگ کے سید گھرانے میں پیدا ہوئے، انہوں نے اپنی تعلیم ایچی سن سے پائی، انھوں نے پی ٹی وی کے مشہور ڈراموں میں اداکاری کے جوہر دکھا کر ایک دنیا کو حیران کر دیا تھا۔
اشفاق احمد کے ڈرامے اُچے برج لاہور دے (کارواں سرائے ) میں صرف 18برس کی عمر میں 50 سالہ بوڑھے کا کردار ادا کرکے امر ہو گئے تھے ۔
افضال احمد نے اپنے 35 سالہ کیریئر میں پاکستان کی کئی زبانوں میں کام کیا، اردو، پنجابی، پشتو فلموں میں ان کی اداکاری لاجواب رہی۔ بہترین اداکاری کے باعث 90کی دہائی میں ان کی شہرت چار دانگ عالم پھیل چکی تھی۔
21 برس قبل لیجنڈ افضال احمد کو فالج ہو گیا تھا جس کے باعث زبان پر لقوہ ہو گیا تھا اور وہ بولنے کی قدرت کھو بیٹھے تھے جب کہ معذوری کے باعث وہیل چیئر استعمال کرتے تھے۔