اسلام آباد (ڈیسک) وفاقی وزیرمیاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ لانگ مارچ آسان کام نہیں ہے، پی ٹی آئی پتوں کی طرح بکھر جائے گی۔
پیرپریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل پر تعزیت کا اظہارکیا اورکہا کہ ان کے قتل کی ہر سطح پر تحقیقات کرانے کو تیار ہیں اور مرحوم کے اہلخانہ کے ساتھ ہرممکن تعاون کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ روز عاصمہ جہانگیر کانفرنس میں جسٹس قاضی فائز عیسیٰ قوم کی آواز بنے اور انہوں نے کہا کہ اداروں پر تنقید کی بجائے غلطیاں کرنے والوں پر تنقید ہونی چاہیے ، ہمیں ان کے اس بیان سے حوصلہ ملا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں دانیال عزیزاور طلال چوہدری صرف ان غلطیوں کا حوالہ دینے پر نا اہل ہوئے جبکہ ایک لاڈلہ جو مسلسل اداروں کی تضحیک کرتا آرہا ہے اس کو مسلسل معافیاں مل رہی ہیں ۔انہوں نےکہا کہ لانگ مارچ آسان کام نہیں ہے ، اس سے پی ٹی آئی پتوں کی طرح بکھر جائے گی ، اس شخص کے کرتوت ایسے ہیں کہ یہ لانگ مارچ کرتے ہوئے سڑکوں کی بجائے جیل کی سلاخوں کے پیچھے نظر آئے، ملک کی 75 سالہ تاریخ میں یہ پہلا سویلین ہے جس پر کرپشن اورچوری ثابت ہوچکی ہے، منی لانڈرنگ کا کیس ابھی باقی ہے ، اس پر کرپشن کے اورکیسز بھی سامنے آنے چاہئیں اور اسے جیل میں ہونا چاہیے ۔