لاہور (ڈیسک) تحریک انصاف نے حکومت کے خلاف نئی مہم کا فیصلہ کیا ہے۔ ’’الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ‘‘ کے عنوان سےحکومت کے خلاف مزاحمتی تحریک کا آغاز کیا جائے گا جس کے ذریعے حکومت کو ٹف ٹائم دیتے ہوئے جلد الیکشن کرانے پر مجبور کیاجائے گا۔
اس سلسلے میں پی ٹی آئی پنجاب کے ہیڈ کوارٹر زمان پارک لاہور میں پی ٹی آئی ایم این ایز، ایم پی ایز، سینئر قیادت اور تنظیمی عہدے داروں کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین عمران خان نے سیاسی صورتحال ، صوبائی اسمبلیوں کی تحلیل اور آئندہ انتخاب کے لیے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ حکومت کے خلاف نئی تحریک کا آغاز کیا جائے گا ۔ ’’الیکشن کراؤ، ملک بچاؤ‘‘ کے نام سے روزانہ کی بنیاد پر ریلیاں نکالی جائیں گی، اجتماعات منعقد کیے جائیں گے جن میں مہنگائی، بجلی لوڈشیڈنگ، گیس کی کمی جیسے مسائل پر عوام کی توجہ مرکوز کرائی جائے گی۔
فیصلہ ہوا کہ پہلی ریلی 7دسمبر کو گلشن راوی سے نکالی جائے گی جس کی قیادت سیکرٹری جنرل پنجاب حماد اظہر کریں گے۔
