لاہور (ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کی رہنما و سابق رکن صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال نے سیاست اور پی ٹی آ ئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں سیاست اور پی ٹی آ ئی سے کنارہ کشی اختیار کر رہی ہوں،میرے اوپر پارٹی چھوڑنے کیلئے کوئی دبائو نہیں۔
عائشہ اقبال نے کہا کہ مجھے خون خرابے والی سیاست پسند نہیں اسی لئے سیاست چھوڑ رہی ہوں ، اللہ پاکستان کو سلامت رکھے ،دعا ہے کہ پاکستان ترقی کر ے اور دنیا بھر کے ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل ہو۔
انہوں نے کہا کہ9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے کئی رہنما پارٹی سے علیحدہ ہو چکے ہیں، ایسی سیاست مجھے پسند نہیں جس میں ہمارے اپنے لوگ آپس میں لڑیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم ہیں،اگر خدا نخواستہ پاکستان کوکچھ ہوتا ہے تو ہماری کچھ اہمیت نہیں،ذیابیطس کی مریضہ ہوں مزید سیاسی سرگرمیوں کو جاری نہیں رکھ سکتی اس لئے سیاست سے دستبردار ہو رہی ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں عوامی خدمت پر یقین رکھتی ہوں،سیاست سے کنارہ کشی اختیار کرنے کے باوجود میرے دروازے ہر شہری کیلئے کھلے ہیں۔