لاہور (نیوز ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹرز کی تنخواہوں میں خاطر خواہ اضافہ کردیا۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس کے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ڈومیسٹک سطح پر 3 نئے چیمپئینز ٹورنامنٹ منعقد کروانے اور ساتھ ہی ڈومیسٹک کھلاڑیوں کے معاوضوں اور میچ فیس میں بھی اضافے کا اعلان کردیا۔
مذکورہ ٹورنامنٹس میں سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑیوں کے علاوہ گزشتہ 3 برس سے مختلف ایونٹس میں پرفارم کرنے والے 150 کرکٹرز بھی حصہ لے سکیں گے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے ان کھلاڑیوں کی تنخواہوں میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا ہے۔
کیٹیگری اے کے 40 ڈومیسٹک کرکٹرز کو ماہانہ 5 لاکھ 50 ہزارروپے، کیٹیگری بی کے 50 کھلاڑیوں کو ماہانہ 4 لاکھ روپے اور کیٹیگری سی کے 60 کھلاڑیوں کو ماہانہ 2 لاکھ 50 ہزار دیے جائیں گے۔
سال 2023-24 سیزن کے دوران ان ڈومیسٹک کرکٹرز کو تنخواہوں کی مد میں کیٹیگری کے حساب سے محض 50 ہزار سے 3 لاکھ روپے دیے جاتے تھے۔
اسی طرح بورڈ کے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، ریڈ بال کے لیے 2 لاکھ، 50 اوور فارمیٹ کے لیے 1 لاکھ 25 ہزار جبکہ ٹی20 کے لیے 1 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔
قبل ازیں ریڈ بال کے لے 80 ہزار اور وائٹ بال کرکٹ کے لیے 40 ہزار روپے دیے جاتے تھے۔