You are currently viewing پی ایس ایل فائیو :  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  نے کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دےدی

پی ایس ایل فائیو : کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز اور لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دےدی

کراچی/لاہور  (ڈیسک) پی ایس ایل فائیو کے 30 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے کراچی کنگز کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔

نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 30 ویں میچ میں کراچی کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 150 رنز بنائے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح کے لیے 151 کا ہدف دیا۔

اس سے قبل کراچی کنگز کے کپتان بابراعظم نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پچھلے دو میچوں میں مین آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کرنے والے شرجیل خان کو پہلے ہی اوور میں نسیم شاہ نے کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے افتخار احمد بھی 21 رنز ہی بناسکے۔

کپتان بابراعظم نے کیمرون ڈیلپورٹ کے ساتھ مل کر اننگز کو آگے بڑھایا تاہم وہ خود 32 رنز بنانے کے بعد پویلن واپس لوٹ گئے جس کے بعد چاڈوک والٹن نے ڈیلپورٹ کا ساتھ دیا اور ذمہ داری سے اسکورکو آگے بڑھایا۔ ڈیلپورٹ نے 37 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی۔

والٹن 20 گیندوں پر 26 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جب کہ ڈیلپورٹ 44 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیل کرآؤٹ ہوئے جس میں 2 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے نسیم شاہ نے 2 جب کہ فواد احمد، محمد حسنین اور سہیل خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

جوابی بیٹنگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پانچ کھلاڑیوں کے نقصان پر محض 16.2 اوورز میں ہی مقررہ ہدف حاصل کرلیا اور 154 رنز اسکور کیے۔

میچ کی اوپننگ احمد شہزاد اور شین واٹسن نے کی۔ احمد شہزاد کوئی رن نہ بناسکے اور پویلین لوٹ گئے جب کہ شین واٹسن اور خرم منظور نے دھواں دھار اننگ کھیل کر میچ کوئٹہ کی فتح میں کردار ادا کیا۔

شین واٹسن نے 34 گیندوں پر 66 رنز اور خرم منظور نے 40 گیندوں پر 63 رنز اسکور کیے، سرفراز احمد نے دو رنز بنائے اور بین کٹنگ صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ اعظم خان 12 رنز اور محمد نواز 8 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کے بالرز وقاص مقصود اور ارشد اقبال نے دو دو جب کہ علی خان نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 28ویں میچ میں ملتان سلطانز نے خوشدل شاہ کی جارحانہ بلے بازی کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹ کے نقصان پر 186  رنز بنائے جس کے جواب میں لاہور قلندرز نے مطلوبہ ہدف کرس لین کی سنچری اور فخرزمان کی نصف سنچری کی بدولت ایک وکٹ پر پورا کرلیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے فخرزمان اور کرس لین نے ٹیم کو 100 رنز کا جارحانہ آغاز فراہم کیا، فخرزمان نے 25 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی تاہم وہ اپنی اننگز کا زیادہ آگے نہ بڑھاسکے اور 35 گیندوں پر 57 رنز کھیل کر آؤٹ ہوگئے

فخر کی وکٹ کے بعد کرس لین نے  نہ صرف 22 گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی بلکہ کپتان سہیل اختر کے ساتھ ملکر لاہور قلندرز کو جیت کی جانب گامزن رکھا اور پی ایس ایل میں اپنی پہلی سنچری 52 گیندوں پر مکمل کی، وہ اب تک ایونٹ میں لاہور قلندرز کی جانب سے سنچری کرنے والے پہلے بلے باز ہیں۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے اور 12 چوکے شامل تھے۔

اس سے قبل لاہور قلندرز کے کپتان سہیل اختر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ معین علی اور ذیشان اشرف نے اننگز کا آغاز کیا تاہم شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں معین علی کو پویلین واپس بھیج دیا اور اگلے ہی اوور میں ذیشان بھی محمد حفیظ کا شکار بنے، دونوں بالترتیب 1 اور 2 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

کپتان شان مسعود اور روی بوپارا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے 75 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، شان مسعود 42 اور روی بوپارا 33 رنز بنانے کے بعد ڈیوڈ ویسا کا شکار بنے۔ ایونٹ میں اپنا پہلا میچ کھیلنے والے اسد شفیق صرف ایک رنز کے ہی مہمان ثابت ہوئے۔

یچ کے اختتامی اوورز میں خوشدل شاہ اور روہیل نذیر نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے لاہور قلندرز کے لیے مشکلات کھڑی کردیں اور اپنی ٹیم کو ایک اچھا ٹوٹل دینے میں کامیاب رہے۔ روہیل نذیر 17 گیندوں پر 24 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔  خوشدل شاہ نے صرف 22 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کی، وہ 29 گیندوں پر 70 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جس میں 6 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیوڈ ویسا اور شاہین آفریدی نے 2،2 جب کہ محمد حفیظ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.