کراچی(ڈیسک) پاکستان سپر لیگ فائیو کے 27 ویں میچ میں کراچی کنگز نے لاہور قلندرز کو 10 وکٹوں سے شکست دےدی
نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ کے 26 ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے ٹاس جیت کر پہلے لاہور قلندرز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔
مہمان ٹیم کی جانب سے کپتان سہیل اختر اور فخر زمان نے اننگز کا آغاز کیا، پچھلے میچ کے مین آف دی میچ فخر اس بار زیادہ لمبی اننگز نہ کھیل سکے اور 17 رنزبنانے کے بعد عمید آصف کا شکار بنے جس کے بعد کرس لین بھی ان کے پیچھے فوراً ہی پویلین واپس پہنچ گئے، وہ 5 رنز ہی بناسکے۔
بین ڈنک بھی صرف 9 رنز کے مہمان ثابت ہوئے البتہ کپتان سہیل اختر نے اپنی نصف سنچری مکمل کی اور وہ 68 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد سمیت پٹیل بیٹنگ کے لیے آئے اور ان کی اننگز صرف 5 رنز تک محدود رہی۔ محمد حفیظ نے 35 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ لاہور قلندر نے مقررہ اوورز میں 150 رنز اسکور کرکے کراچی کنگز کو 151 کا ہدف دے دیا۔
کراچی کنگز کی جانب سے عمید آصف اور ارشد اقبال نے 2،2 جب کہ کرس جورڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔
جوابی بیٹنگ میں کراچی کنگز نے 151 رنز کا ہدف 18 اوورز میں حاصل کیا۔ شرجیل خان 74 اور بابر اعظم 69 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
کراچی کنگز میں 3 تبدیلیاں کی گئی، ان فٹ عامر یامین کی جگہ عمید آصف، عمر خان کی جگہ اسامہ میر اور کیمرون ڈیلپورٹ کی جگہ محمد ارشد کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا جب کہ لاہور قلندرز میں معاذ خان کی جگہ محمد فیضان کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہونے والے پہلے ٹاکرے میں لاہور نے کراچی کو شکست دی تھی