جدہ (ڈیسک) پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز نے جدہ سے کراچی کےلیے پرواز کی منزل اچانک تبدیل کرکے مسافروں کو اذیت میں مبتلا کردیا۔
پرواز پی کے 860 سعودی وقت کے مطابق شام 5:40 پر جدہ سے کراچی کے لیے شیڈول تھی۔ روانگی سے ایک گھنٹہ قبل پرواز کو جدہ سے لاہور کرکے عمرہ زائرین کو حیران و پریشان کردیا گیا۔
بتایا جاتا ہے کہ ایئربس 320 کے ذریعے کراچی آنے والے عمرہ زائرین کی تعداد 150 سے زائد ہے۔
مسافروں کے مطابق جدہ سے انہیں دو آپشن دیے جارہے ہیں جن میں سے پہلا لاہور کی پرواز پر ایڈجسٹ ہونے کا ہے، جہاں سے مسافروں کو اتوار کی صبح دوسری ڈومیسٹک پرواز سے کراچی پہنچانے کا کہا جا رہا ہے جبکہ دوسراآپشن اتوار کی رات 12 بجے تک انتظار ہے۔
جدہ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے ملتان اور کوئٹہ کے مسافروں کو بھی اسی قسم کی صورتحال کا سامنا ہے۔
مسافروں نے شکوہ کیا کہ وہ قومی ایئرلائن کو ترجیح دیتے ہیں تاہم ایسے میں پی آئی اے کا رویہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
