اسلام آباد (ڈیسک) قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے کراچی طیارہ حادثہ میں جاں بحق ہونے والے مسافروں کا جائے حادثہ اور ملبے سے ملنے والا سامان لواحقین کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ترجمان پی آئی اے کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ 22 مئی کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب دوران لینڈنگ تباہ ہونے والے بدقسمت طیارے پی کے 8303 کے جائے حادثہ اور ملبہ سے ضلعی انتظامیہ اور امدادی کارکنوں کو بعض مسافروں کا کچھ سامان ملا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ جاں بحق ہونے والے مسافروں کے لواحقین کو یہ سامان 11سے13 جولائی تک ان کے لواحقین کے حوالے کر دیا جائے۔ ترجمان نے بتایا کہ اس حوالے سے ایک پبلک نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ یہ سامان پرانے کراچی ایئرپورٹ کے ٹرمینل1 کے قریب واقع پی آئی اے ٹریننگ سینٹر میں 11سے 13 جولائی کو صبح 10 بجے سے شام 5 بجے تک شناخت کے لیے رکھا جائے گا۔ لواحقین سے گزارش کی گئی ہے کہ وہ اپنے پیاروں کے سامان کی شناخت کے لیے اپنے شناختی کارڈ کی نقل کے ہمراہ مذکورہ بالا اوقاتِ کے دوران تشریف لائیں تاکہ یہ سامان ان کے حوالے کیا جا سکے۔ ترجمان نے کہا کہ پبلک نوٹس میں سہولت فراہم کرنے والے متعلقہ حکام کے نام اور فون نمبر بھی جاری کر دیے گئے ہیں۔ لواحقین کی سہولت کے لئے جن افسران کے نام جاری کئے گئے ہیں ان میں خورشید احمد خان لینڈ لائن فون نمبر021-99044394 ، موبائل فون نمبر 0322-7423725، انعام اللہ جمیل لینڈ لائن فون نمبر 021-99044862، موبائل فون نمبر 0333-3101089 شامل ہیں۔