You are currently viewing پیپلز پارٹی ہمیشہ سے وقت پر الیکشن چاہتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

پیپلز پارٹی ہمیشہ سے وقت پر الیکشن چاہتی ہے، بلاول بھٹو زرداری

کراچی (ڈیسک) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ سے وقت پر الیکشن چاہتی ہے، نہ وقت سے پہلے، نہ تاخیر سے، اگر کوئی سمجھتا ہے کہ وہ الیکشن میں تاخير کروائے گا تو اس کی مخالفت کریں گے، وقت ثابت کرے گا اسٹیبلشمنٹ کتنی غیر جانبدار رہتی ہے۔
کراچی میں پارٹی کی مرکزی مجلس عاملہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیر اعظم کو تحریک عدم اعتماد کے ذریعے گھر بھیجا، اسٹیبلشمنٹ نے اعلان کیا کہ وہ اے پولیٹیکل ہیں، ہم نے اسے خوش آئند قرار دیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک میں نفرت اور تقسیم کی سیاست کو فروغ دیا جا رہا ہے، یہ ہماری سیاست اور جمہوریت کے لیے خطرہ ہے، ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ کوڈ آف کنڈکٹ کے لیے تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، جو پارلیمان میں ہیں اور جو نہیں ہیں، سب جماعتوں سے رابطہ کریں گے۔پی پی چیئرمین نے کہا کہ سی ای سی نے فیصلہ کیا ہے ہم سب مل کر کام کریں، فیصلہ کیا ہے کہ ضابطہ اخلاق بنایا جائے، جس کے مطابق سیاسی جماعتیں سیاسی اور الیکشن مہم چلائیںاور اپنی سیاسی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گرد اور انتہا پسند پاکستان کے دشمن ہیں، دہشت گرد اور انتہا پسند ہمارے مذہب اور انسانیت کے دشمن ہیں، دہشت گردوں اور انتہا پسندوں کے ساتھ جرائم پیشہ عناصر جیسا سلوک ہونا چاہیے، دہشت گردوں سے نرم رویے کی عمران خان کی پالیسی کی مخالفت کرتے ہیں، دہشت گردی اور انتہا پسندی سے متعلق پارلیمان کو اعتماد میں لے کر فیصلہ کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج تحسین پیش کیا، شہید ذوالفقار بھٹو نے1973 میں آئین دیا، 1973 کا آئین ذوالفقار علی بھٹو کا کارنامہ ہے، ہم نے فیصلہ کیا کہ غیر جمہوری قوتوں کا جمہوریت سے مقابلہ کریں گے۔ بلال بھٹو نے کہا کہ ایم کیو ایم سمیت تمام اتحادیوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتے ہیں، پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت ایم کیو ایم کے ارکان کو فنڈز دے رہی ہے، ایم کیو ایم سے طے ہونے کے بعد ان کا گورنر لگایا ان کا ایڈمنسٹریٹر بنایا گیا۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7