You are currently viewing پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو عوامی راج قائم ہوگا، بلاول بھٹو

پیپلز پارٹی کی حکومت بنی تو عوامی راج قائم ہوگا، بلاول بھٹو

فیصل آباد (نیوز ڈیسک) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی جیل سے بچنے جبکہ ہم آپ کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں۔
تحصیل تاندلیانوالہ میں پیپلز پارٹی کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم جیالے ہیں، جھکنے والے نہیں، ہم ڈرنے والے نہیں، پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، ہم تمام سیاسی جماعتوں کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں، پورے پاکستان کو دکھائیں گے کہ بھٹو زندہ ہے، ہم ان سے اپنا حق چھینیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ اشرافیہ کی سیاسی جماعتیں صوبے اور ملک پر مسلط کی گئیں، یہ غریب دشمن، مزدور دشمن جماعتیں ہیں، یہ جب بھی حکومت میں آتے ہیں آپ کو تکلیف پہنچاتے ہیں، یہ جب بھی حکومت میں آتے ہیں ظلم کرتے ہیں۔
بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ مہنگائی تاریخی سطح پر پہنچ چکی ہے، بینظیر بھٹو غریبوں، کسانوں، مزدوروں کی وزیر اعظم تھیں، ہم نے ایک بار پھر عوامی حکومت بنانی ہے، ہم نے عوامی راج قائم کرنا ہے۔
سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ کسانوں کی حکومت لاہور اور اسلام آباد میں بنانی ہے، ہم نے ایک بار پھر جیالے کو وزیراعظم بنانا ہے، میں آپ کا ساتھ مانگنے آیا ہوں، پاکستان کی تقدیر بدلیں گے۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ آپ پیپلز پارٹی کو جتواتے ہیں تو 10 نکات پر عمل درآمد کریں گے، آپ نے گھر گھر پہنچ کر عوامی معاشی معاہدہ بتانا ہے، پیپلز پارٹی کی حکومت ہو گی تو غریبوں کو 300 یونٹ بجلی مفت ملے گی، تعلیم مفت ہو گی، فیصل آباد میں اپنے ہاتھ سے یونیورسٹی کا افتتاح کروں گا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ جب بھی بیمار ہوتے ہیں لندن علاج کرانے جاتے ہیں، میری حکومت بنائیں، انہیں علاج کے لیے اتنا دور نہیں جانا ہوگا، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں اضافہ کریں گے، پاکستان بھر میں 30 لاکھ گھر بنا کر غریب عوام کو دیں گے، 30 لاکھ گھر کے مالکانہ حقوق خواتین کو دیں گے، ہم کچی آبادی کو ریگولرائز کریں گے، مالکانہ حقوق دیں گے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ سندھ میں سیلاب متاثرین کے لیے 20 لاکھ گھر بنا رہا ہوں، بینظیر کسان کارڈ لائیں گے، کسانوں کو مالی امداد پہنچائیں گے، مزدوروں کو بینظیر مزدور کارڈ دلائیں گے، مزدور کارڈ سے مزدوروں کو پنشن دیں گے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7