کراچی (ڈیسک) ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو بآسانی 6 وکٹوں سے شکست دے دی۔
نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ پچاس اوورز میں 255رنز بنائے جب کہ اس کے 9کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔
جواب میں پاکستانی ٹیم نے چار وکٹوں کے نقصان پر 256رنز کا ہدف بآسانی پورا کر لیا۔ وکٹ کیپر محمد رضوان نے بہترین اننگز کھیلی، انھوں نے 77رنز بنائے اور ناٹ آئوٹ رہے۔ دوسرے نمبر پر بابر اعظم رہے جنھوں نے 66رنز بنائے، فخر زمان 56اور حارث سہیل نے 32رنز بنا کر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کیا۔
حریف ٹیم کے مائیکل بریس ویل نے 2شکار کیے، جب کہ ٹم اور گلین فلپس ایک ایک کھلاڑی آئوٹ کرنے میں کامیاب ہو سکے۔
کیویز کھلاڑیوں میں مائیکل بریسویل 43رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، وکٹ کیپر بیٹر ٹام لیتھم نے 42رنز بنائے، دونوں کھلاڑی ففٹی بنانے سے کچھ ہی دیر قبل آئوٹ ہو گئے۔
دیگر کھلاڑیوں میں گلین فلپس نے 37، ڈیرل مچل 36، فِن ایلن 29، کپتان کین ولیم سن 26 اور مچل سینٹنر 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان بالر نسیم شاہ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میچ میں 5وکٹیں حاصل کیں، انھوں نے 10اوورز میں 57رنز دیتے ہوئے یہ کارنامہ انجام دیا۔ اسامہ میر 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کر سکے جب کہ محمد وسیم اور محمد نواز نے 1-1کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
