راولپنڈی (ڈیسک) پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلے جا رہے پہلے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل جاری ہے، کھانے کے وقفے سے قبل تک پاکستان ٹیم نے 298رنز بنائے اور اس کے تین کھلاڑی آئوٹ ہوئے ۔ اس سے قبل انگلینڈ نے پاکستان کی تیسری وکٹ بھی اڑا دی، اظہر علی صرف 27رنز ہی بنا سکے اور پویلین کی راہ لی۔ پاکستان ٹیم کے مجموعی اسکور 290پر اظہر علی آئوٹ ہو گئے۔
آج صبح دونوں پاکستانی اوپنرز بلے بازوں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور سنچریاں اسکور کیں۔ پاکستان ٹیم کی پہلی وکٹ 225 کے مجموعی اسکور پر گری جب عبداللہ شفیق کیچ آئوٹ ہو گئے، انھوںنے 177گیندیں کھیل کر تین چھکوں اور دس چوکوں کی مدد سے 114رنز بنائے۔ ول جیکس نے انھیں آئوٹ کیا۔
پاکستان کی دوسری وکٹ 245کے مجموعی اسکور پر گری جب امام الحق 121 رنز پر آئوٹ ہو گئے۔ انھوں نے 180گیندیں کھیلیں، اس دوران انھوں نے ایک چھکا اور 14چوکے مارے اور بالآخر لیچ کی گیند پر رابن سن کے ہاتھوں کیچ ہو کر پویلن پہنچ گئے۔ پاکستانی دونوں اوپنرز نے پاکستانی ٹیم کو مضبوط آغاز مہیا کیا ۔
گزشتہ روز انگلش ٹیم نے 506رنز چار کھلاڑیوں کے نقصان پر کھیل کا آغاز کیا تھا اور 26 اوررز میں 6وکٹوں کے نقصان پر 151رنز کا اضافہ کیا تھا۔ انگلش کپتان 41رنز بنا سکے تھے، لیام لیونگ 9 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ ہیری بروکنے 153رنز کی شاندار اننگ کھیلی، ول جیکس 30، اورلی روبن سن 37اور جیک لیچ 6رنز ہی بنا سکے تھے۔پاکستان کی جانب سے زاہد محمود نے 4، نسیم شاہ نے 3، محمد علی نے 2 اور حارث رئوف نے ایک وکٹ حاصل کی تھی۔
میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور جارحانہ آغاز کے ساتھ شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے 506رنز اسکور کیے تھے۔ دونوں اوپنرز نے 233رنز بنائے ، بین ڈکٹ 107، اور زیک کرولی 122رنز بنا کر نمایاں کھلاڑی رہے تھے۔ اولی پوپ نے بھی بہترین 108رنز بنائے، جوروٹ صرف 23رنز ہی بنا سکے تھے۔
انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 4 پاکستانی کھلاڑی سعود شکیل، حارث رؤف، محمد علی اور زاہد محمود ڈیبیو کررہے ہیں۔
پاکستانی کھلاڑیوں میں کپتان بابراعظم، عبداللہ شفیق، امام الحق، اظہر علی، سعود شکیل، محمد رضوان، آغا سلمان، نسیم شاہ، حارث رؤف، محمد علی، زاہد، محمود شامل ہیں جبکہ انگلینڈ ٹیم کپتان بین اسٹوکس، زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، ول جیکس، لیام لیونگ اسٹون، اولی رابنسن، جیک لیچ، جیمز اینڈرسن پر مشتمل ہے
