اسلام آباد(ڈیسک) پنجاب کے ٹیکس محصولات میں جاری مالی سال کے ابتدائی 8 ماہ کے دوران8.9 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
حکومت پنجاب کے محکمہ خزانہ کی غیرحتمی رپورٹ کے مطابق رواں مالی سال میں حکومت پنجاب نے مختلف ٹیکسز کی مد میں 156.2 ارب روپے کی وصولیاں کی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے پہلے آٹھ مہینوں کے دوران صوبائی حکومت کے ٹیکس محصولات کا حجم 143.4 ارب روپے رہا تھا۔ اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولیوں میں 12.8 ارب روپے یعنی 8.9 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ جاری مالی سال کے لیے پنجاب حکومت نے 220.9 ارب روپے کے ٹیکس محصولات کا ہدف مقرر کیا تھا۔ اس طرح مالی سال میں جولائی تا فروری21۔ 2020 کے دوران صوبائی حکومت نے ہدف کے مقابلہ میں 70.7 فیصد ٹیکس وصولیاں کی ہیں۔