لاہور (نیوز ڈیسک) حکومت پنجاب نے پنجاب ائیر کے نام سے ائیرلائن شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے پنجاب ائیرلائن کی فزیبیلٹی پرکام شروع کردیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پنجاب ائیرلائن پرائیویٹ سرمایہ کاروں کے اشتراک سے لائی جائے گی اور ائیرلائن میں حکومت پنجاب کے شیئرز بھی ہوں گے۔
دوسری جانب پنجاب کی سینیئر وزیر مریم اورنگزیب نے پی آئی خریدنے کی خبروں کی تردید کی اور کہا کہ حکومت پنجاب پی آئی اے نہیں خرید رہی، جھوٹی خبر پھیلائی جا رہی ہے ۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نواز شریف نے امریکا میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز پی آئی اے کی خریداری سے متعلق غور کر رہی ہیں، مریم نواز نے اس سلسلے میں اُن سے صلاح مشورہ بھی کیا ہے، مریم نےکہا ہے کہ اُس ائیرلائن کا نام ائیر پنجاب رکھا جاسکتا ہے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے مریم نواز سےکہا ہےکہ آپ پی آئی اے کو خرید بھی سکتی ہیں اور نئی ائیرلائن بھی بنا سکتی ہیں۔
امریکا سے لندن واپس پہنچنے پر آج میڈیا سےگفتگو میں نواز شریف کا کہنا تھا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کی جانب سے پی آئی اے خریداری پر غور کی جو بات کی اس پر مزید کام کا ارادہ ہے، ا گر ایسا ہو جائے تو ملک کو ایک اچھی ائیر لائن میسر آئےگی۔