پشاور (ڈیسک) چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ جسٹس قیصر رشید خان کیس کی سماعت کے دوران دلچسپ تبصرہ کر گئے، انھوں نے کہا کہ پشاور میں موبائل فون چھیننے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے، پشاور کو کراچی مت بننے دیں۔
پشاور ہائی کورٹ میں ایک مغوی کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل سید سکندر حیات شاہ عدالت کو بریف کر رہے تھے، ان کا کہنا تھا کہ مغوی کو کامیابی سے بازیاب کرا لیا گیا ہے۔
چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ نے تحسین کرتے ہوئے کہا کہ یہ اچھی خبر ہے کہ مغوی کو بازیاب کرایا گیا ہے، بازیابی کے دوران جن پولیس اہلکاروں نے حصہ لیا انھیں انعام بھی دیں تا کہ کام کرنے والے اہلکارں کی حوصلہ افزائی ہو سکے۔
انھوں نے مزید کہا کہ پشاور میں بھی موبائل فون کی چھینا جھپٹی جیسے واقعات بڑھ رہے ہیں، آپ لوگ پشاور کو کراچی مت بننے دیں، پشاور کو عوام کے لیے محفوظ بنائیں، اگر نیت کر لیں تو کوئی بھی کام ناممکن نہیں، ہمیں کوشش کرنی چاہئے۔
