کراچی (ڈیسک) ضلع کیماڑی پولیس نے پشاور سے اسمگل کی گئی اسلحہ کی بھاری کھیپ پکڑ لی، ایک ملزم کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق پشاور سے کراچی اسلحہ اسمگل کیے جانے کی خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد پولیس کی جانب سے تشکیل دی گئی ٹیم نے کئی روز کی ریکی کے بعد شیرشاہ پراچہ پل کے قریب رکشہ سوار ملزم عادل ولد جدگال کو گرفتار کرکے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔
پولیس کے مطابق ملزم کے قبضہ سے ایک ہینڈ گرنیڈ ، 21 پستول، 8 کلاشنکوف ،ایک ایم فور رائفل، چھوٹے بڑے اسلحہ کے 2700 سے زائد راؤنڈز برآمد ہوئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم پشاور سے پسنجر بسوں کے ذریعے اسلحہ منگوانے کے بعد کراچی میں فروخت کرتا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزم اس سے قبل بھی پشاور سے بڑی تعداد میں اسلحہ منگوا کر فروخت کرچکا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمات درج کرکے تفتیش کا دائرہ کار بڑھا دیا گیا ہے۔