You are currently viewing پریس کانفرنس کرلینے سے شرپسندوں کو معافی نہیں ملے گی، احسن اقبال

پریس کانفرنس کرلینے سے شرپسندوں کو معافی نہیں ملے گی، احسن اقبال

لاہور (ڈیسک) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث عناصر پریس کانفرنس بھی کر لیں تب بھی انہیں معافی نہیں ملےگی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عام انتخابات وقت پر ہوں گے، اگر کسی نے حماقت سے پنجاب اور کے پی کی اسمبلیاں توڑی ہیں تو وہ کیا کرسکتے ہیں، سندھ نے پنجاب کے تابع الیکشن سے انکار کردیا ہے۔
احسن اقبال نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کے لوگوں نے ناجائز جیلیں کاٹیں، ان پر تشدد ہوئے لیکن کسی نے پارٹی کا ساتھ نہیں چھوڑا، پی ٹی آئی موتی کے دانوں کی طرح بکھر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث افراد میں سے اگر کوئی پریس کانفرنس بھی کرےتو اسے نہیں چھوڑا جائے گا، انہیں سزا ضرور دیں گے، اگر کسی نے ریڈ لائن کراس کی یا ریاست کے خلاف دہشت گردی کی تو اسے دہشت گرد ہی کہیں گے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدہ نہ ہونےکی وجہ سے روپیہ دباؤ میں ہے، امید ہےکہ جلد آئی ایم ایف سے معاملات طے پا جائیں گے اورمعاشی صورتحال بہتر ہو جائے گی، ملکی مسائل کا حل ہم آہنگی اور اتحادمیں ہے۔

نیوز پاکستان

Exclusive Information 24/7