You are currently viewing پرویز الٰہی کی رہائی کی روبکار پر عمل نہ کیے جانے پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات طلب

پرویز الٰہی کی رہائی کی روبکار پر عمل نہ کیے جانے پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات طلب

لاہور (ڈیسک) لاہور کی انسدادِ رشوت ستانی کی خصوصی عدالت نے پنجاب اسمبلی میں غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں درج مقدمے میں سابق وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کی روبکار پر عملدرآمد نہ کرنے پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو طلب کر لیا۔
عدالت نے سابق وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کی روبکار پر عمل نہ کرنے اور اعتراض پر شوکازنوٹس جاری کرتے ہوئے ڈی آئی جی جیل خانہ کو 19جولائی کو پیش ہونے کی ہدایت کردی۔
اینٹی کرپشن عدالت کے جج علی رضا نے سماعت کی،دوران سماعت عدالت نے کہا کہ ڈی آئی جی کو علم ہونا چاہیے کہ سپرنٹنڈنٹ جیل نے احکامات کی خلاف ورزی کی۔
سپرنٹنڈنٹ جیل نے کہا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کا سوچ بھی نہیں سکتا، روبکار پر فیصلے میں ابہام کی وجہ سے عملدرآمد روکا۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 19جولائی تک ملتوی کردی اور آئندہ سماعت پر ڈی آئی جی جیل خانہ جات کو طلب کر لیا۔
یاد رہے کہ چوہدری پرویز الٰہی کو دیگر مقدمات کے باعث تاحال جیل سے رہائی نہیں مل سکی ہے۔