لاہور (ڈیسک) سابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی، اہل خانہ اور ان کے رشتے داروں کے بینک اکائونٹس و جائیدادیں منجمد کر دی گئیں۔
ایڈیشنل سیشن کورٹ لاہور نے چوہدری پرویز الٰہی اور ان کے اہل خانہ کے اثاثے منجمد کرنے کے احکامات صادر کیے۔
قبل ازیں پرویز الٰہی اور ان کے دیگر شراکت داروں و اہل خانہ کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی، عدالت نے کہا کہ ایف آئی اے کی درخواست اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر اثاثے منجمد کیے جا رہے ہیں، فیصلے میں کہا گیا کہ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات اور فیصلے تک اثاثے منجمد رہیں گے۔
عدالت نے شریک ملزمان کے اکائونٹس منجمد کرنے کے احکامات بھی صادر کیے، بتایا گیا کہ اکائونٹس میں ساڑھے تین ارب روپوں کی ٹرانزیکشن ہوئی۔
چوہدری پرویز الٰہی و اہل خانہ پر الزام ہے کہ انھوں نے اپنے فرنٹ مینوں کے ذریعے اربوں روپے کی منی لانڈرنگ کی اور جائیدادیں بنائیں۔
ایڈیشل سیشن کورٹ نے راسخ الٰہی ، مونس الٰہی اور ان کی بیگمات کے نام پر موجود بینک اکائونٹس اور جائیدادیں بھی فریز کرنے کا حکم دیا ، عدالت نے شریک ملزمان کی 17420کنال اراضی جس کا تخمینہ 10ارب روپے ہے، کو بھی فیصلہ ہونے تک منجمد کر دیا۔
