You are currently viewing پروپیگنڈے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہیں گے، آرمی چیف

پروپیگنڈے کے باوجود غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر ثابت قدم رہیں گے، آرمی چیف

دبئی (ڈیسک) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ جھوٹے پروپیگنڈے اور غلط بیانیے کے باوجود فوج غیر سیاسی رہنے کے عزم پر ثابت قدم رہے گی۔ وہ خلیج کے ایک اخبار کو دیے گئے انٹرویو میں اظہار خیال کر رہے تھے۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ افواج پاکستان نے عسکری سفارت کاری کو استعمال کرتے ہوئے عالمی سیاست میں توازن قائم رکھا۔ انھوں نے کہا کہ فوج کے غیر سیاسی ہونے کے عزم کو کچھ افراد نے تنقید کا نشانہ بنایا۔ فوج کے غیر سیاسی ہونے سے جمہوری اقدار پروان چڑھیں گی۔ فوج غیر سیاسی رہنے کے فیصلے پر عمل کرتی رہے گی۔
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے انٹرویو میں کہا کہ فوج کے غیر سیاسی ہونے سے پاکستان میں سیاسی استحکام کو فروغ حاصل ہو گا۔ فوج اور عوام کے تعلقات مضبوط ہوں گے۔ ریاستی ادارے اپنے امور سرانجام دینے میں مؤثر ثابت ہوں گے۔ سیاسی معاملات میں مداخلت سے عوامی حمایت اور افواج کے درمیان وابستگی میں کمی آتی ہے۔
جنرل باجوہ نے کہا کہ افواج پاکستان نے ملک کے اندر خلفشار پر قابو پانے میں ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے خلیجی اور مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ مذہبی اور برادرانہ تعلقات ہیں۔ عرب ریاستوں کے ساتھ ہمارے بے لوث رشتے اور روابط ہیں۔ مشکل وقت میں عرب ممالک کی فراخدلانہ اور غیر مشروط حمایت اور امداد کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
پاکستان نے ہمیشہ مشرق وسطیٰ ممالک کے مفادات کے تحفظ کی حمایت کی ہے اور آئندہ بھی کرتا رہے گا۔