You are currently viewing پتہ ہی نہیں چلا کب ذہنی تناؤ کا شکار ہوکر تنہائی پسند ہو گئی، یشال شاہد

پتہ ہی نہیں چلا کب ذہنی تناؤ کا شکار ہوکر تنہائی پسند ہو گئی، یشال شاہد

اسلام آباد (ڈیسک) نوجوان پاکستانی گلوکارہ یشال شاہد نے کہا ہے کہ انھیں علم ہی نہیں ہواکہ کب وہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوئیں اور اس کے نتیجے میں تنہائی پسند بن گئیں۔
چھوٹی عمر میں شہرت حاصل کرنے والی پاکستانی سنگر نے بیماری سے متعلق مداحوں سے اپنے خیالات شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ٹینشن کو سنجیدگی سے لینا چاہئے، ان کا کہنا تھا کہ میں بہت ہنس مکھ، خوش مزاج اور ملنے جلنے کی عادی تھی، میرے بہت سے دوست ہیں، لیکن غیر محسوس طریقے سے میں ذہنی پریشانی کا شکار ہوئی اور پھر تنہائی پسند ہوتی چلی گئی۔
یشال نے کہا کہ اگر آپ کے جسم کا کوئی عضو کام کرنا چھوڑ دے، بیمار ہو جائے تو آپ کسی نہ کسی طرح کام چلالیتے ہیں لیکن اگر ذہن کام کرنا چھوڑ دے اور آپ کسی سخت پریشان کا شکار ہوں یا صدمہ ہو تو آپ کچھ کرنے کے قابل نہیں رہتے، آپ سوچنے سمجھنے کی صلاحیت کھو بیٹھتے ہیں۔
گلوکارہ یشال نے مزید بتایا کہ اسی لیے میں نے اس کیفیت میں اپنی صحت پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا اور سب کچھ چھوڑ کر اسلام آباد آ گئی، اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوں، تاکہ میرے ماحول میں تبدیلی آئے، ذہنی سکون حاصل ہو، ان کا کہنا تھا کہ میں بہت جلد بہتر ہو جائوں گی۔