اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی عرب کے ساتھ معاہدوں پر مزید بات چیت کے لیے ایک آدھ دن میں پاکستانی وفد سعودی عرب روانہ ہوگا۔
وفاقی کابینہ اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر نے ماضی میں کیے گئے 3 ارب ڈالر کے سرمایہ کاری کے وعدے پر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا ہے، امیر قطر نے پاکستان میں آئی ٹی پارک لگانے میں دلچپسی ظاہر کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر کا کامیاب دورہ کرکے واپس آیا ہوں، سعودی عرب میں ملاقاتوں کے نتیجے میں پاکستانی وفد جلد سعودی عرب کا دورہ کرے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ سعودی عرب اور قطر میں ون آن ون اور وفود کی سطح پر ملاقاتیں کامیاب رہیں، سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ انیشیٹو سے خطاب بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ آذربائیجان سے 2 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی بات ہوئی تھی، آذربائیجان کے صدر نے دورہ پاکستان میں 2 ارب ڈالر کے ایم او یو سائن کیے تھے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ رواں ماہ قطر کی ٹیم پاکستان آرہی ہے، قطر کے ساتھ بھی 3 ارب ڈالر سرمایہ کاری پر بات ہوئی۔