کراچی (ڈیسک) پاک فضائیہ کی جانب سے خیبرپختونخوا، سندھ، بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل جاری ہے۔
پاک فضائیہ کے جاری اعلامیہ کے مطابق فضائیہ نے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے دو ماہ کا راشن تقسیم کیا تاکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بحالی کا کام مکمل ہونے تک متاثرین کو خود کفیل کیا جاسکے۔ پاک فضائیہ کے فیلڈ میڈیکل کیمپوں میں سیلاب متاثرین کو مفت ادویہ اور طبی امداد بھی فراہم کی جارہی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پاک فضائیہ کی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں نے ضرورت مند خاندانوں میں 16 ہزار 650 پکے ہوئے کھانے کے پیکٹ، 750 پانی کی بوتلیں اور 777 خشک راشن کے پیکٹ تقسیم کیے جبکہ پاک فضائیہ کی میڈیکل ٹیموں نے 920 مریضوں کا طبی معائنہ بھی کیا۔