احمد آباد (نیوز ڈیسک) آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں شیڈول پاک بھارت میچ کی وجہ سے ہوٹل کے کرائے اور ایئر ٹکٹس مزید مہنگے ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق ڈیمانڈ بڑھنے کی وجہ سے ہوٹل کے کمرے کا کرایہ 80 ہزار روپے تک طلب کیا جا رہا ہے جبکہ ٹریول آپریٹرز نے ایئر لائنز سے فلائٹس میں اضافے کا مطالبہ کردیا۔
رپورٹس کے مطابق ہوٹل کے کمروں کا کرایہ اور فضائی ٹکٹس کی مانگ 13 اور 16 اکتوبر کے درمیان بڑھی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہوٹل میں کمروں کا حصول تقریباً نا ممکن ہوگیا جبکہ جہاز کا ٹکٹ بھی جیب پر بھاری پڑرہا ہے جس میں 415 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارت کے کسی بھی کونے سے احمد آباد جانے کے فضائی ٹکٹس کی قیمت میں اضافہ ہوچکا ہے۔
بھارت کے مختلف شہروں سے احمد آباد کا ٹکٹ 5 سے 12 ہزار روپے میں دستیاب ہوتا ہے تاہم اب پاک بھارت میچ کی وجہ سے قیمت میں 104 سے 415 فیصد تک اضافہ ہوچکا ہے۔
پاک بھارت میچ میں ابھی 3 ہفتے باقی ہیں جبکہ قیمتوں میں مزید اضافہ بھی متوقع ہے۔
واضح رہے کہ 14 اکتوبر کو پاکستان اور بھارت کا میچ احمد آباد میں شیڈول ہے۔