راولپنڈی (ڈیسک) پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے دن پاکستانی ٹیم 579رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔
چوتھے روز اننگز کا آغاز آغا سلمان اور زاہد محمود نے کیا، آغا سلمان نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور نصف سنچری بنائی، وہ 53رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ زاہد محمود 17 اور حارث رؤف 12 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان اننگز کے اختتام تک 579رنز بنا سکا ، اس طرح پہلی اننگز میں انگلینڈ کو 78رنز کی برتری حاصل ہو گئی۔ انگلینڈ کی جانب سے ول جیکس نے 6،جیک لیچ نے 2 اور اولی روبنسن اور جیمز اینڈرسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستان 499رنز کے عدد کو چھو سکا اور اس کے سات کھلاڑی آئوٹ ہوئے۔
پاکستان ٹیم نے کھیل کا آغاز بغیر نقصان 181 رنز سے کیا، اوپنرز عبداللہ شفیق اور امام الحق نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور دونوں نے سنچریاں اسکور کیں۔ عبداللہ شفیق نے 177گیندیں کھیلتے ہوئے تین چھکوں اور 10 چوکوں کی مدد سے 114رنز بنائے۔
اس کے بعد امام الحق نے بھی 180گیندیں کھیل کر ایک چھکے اور 14چوکوں کی مدد سے اپنی سنچری مکمل کی، انھوں نے 121رنز بنائے۔ پاکستان کی پہلی وکٹ 225کے مجموعی اسکور پر گری، پاکستان کی جانب سے آئوٹ ہونے والے تیسرے کھلاڑی اظہر علی تھے جو صرف 27رنز بنا سکے۔
انگلینڈ نے چوتھی وکٹ سعود شکیل کی حاصل کی، سعود نے 37رنز بنا کر پاکستان کا اسکور 413تک پہنچا دیا۔
بابر اعظم نے اچھا کھیل پیش کیا اور سنچری اسکور کی۔ انھوں نے محمد رضوان کے ساتھ 60رنز کی پارٹنر شپ بنائی، البتہ 473رنز کی مجموعی اسکور پر بابر اعظم 136ذمے دار رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے۔
ٹیم کا اسکور 475تک پہنچا تو محمد رضوان بھی بابر اعظم کے پیچھے پویلین پہنچ گئے۔ وہ صرف 29رنز ہی بنا سکے۔ آخری کھلاڑی نسیم شاہ تھے جنھوں نے 15رنز اسکور کیے۔