You are currently viewing پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں افواہوں پر مبنی، عوام مطمئن رہیں، ڈار

پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبریں افواہوں پر مبنی، عوام مطمئن رہیں، ڈار

اسلام آباد (ڈیسک) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کے ڈیفالٹ ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، یہ سب افواہیں ہیں، عوام مطمئن رہیں، ایسی باتوں پر توجہ مت دیں۔
وزیر خزانہ نے اسلام آباد میں پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ ملکی معیشت کے حوالے سے بے بنیاد، گمراہ گن خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔ جیسے پاکستان ڈیفالٹ کر جائے گا اور سکوک بانڈز کی ادائیگیاں نہیں کر پائے گا۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ ان افواہوں کے پیچھے سیاسی مقاصد کارفرما ہو سکتے ہیں۔ ان باتوں سے معیشت پر منفی اثر پڑتا ہے۔ جو لوگ ایسی لغو اور جھوٹی خبریں پھیلا رہے ہیں وہ پاکستان کے ہر گز خیر خواہ نہیں ہیں۔
اسحق ڈار نے کہا کہ میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان نے ایک ارب ڈالر کے سکوک بانڈز جاری کیے ہوئے ہیں جن کی ادائیگیاں بروقت کی جائیں گی، پاکستان کے پاس پٹرولیم مصنوعات کے مطلوبہ ذخائر موجود ہیں۔ کوئی پریشانی کی بات نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں پاکستانی بن کر سوچنا چاہیے۔ سب سے پہلے پاکستان ہے پھر کوئی پارٹی یا جماعت ہے۔ پاکستان ہم سب کا ہے۔
انھوں نے کہا کہ معیشت کے حوالے سے غیر ذمہ دارانہ گفتگو ہر گز مناسب نہیں اس سے صرف ملک کو نقصان ہو گا۔ پاکستان کا کرنٹ اکائونٹ خسارہ مکمل طور پر قابو میں ہے، اس حوالے سے بھی ہر گز پریشان نہ ہوا جائے۔