اسلام آباد( ڈیسک) پاکستان کی جانب سے افغانستان کی عوام کےلیے امدادی سامان کی پہلی کھیپ کابل پہنچ گئی۔
وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر پاک فضائیہ کا سی 130 طیارہ آج حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر اترا۔افغانستان میں پاکستان کے سفیر منصور احمد خان اور پبلک ہیلتھ کے سینئر افسر حاجی عمر نے امدادی سامان متعلقہ افغان حکام کے حوالے کیا جس میں تقریباً 10 ٹن آٹا، ڈیڑھ ٹن گھی اور بھاری مقدار میں ادویات شامل ہیں۔اس موقع پر پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے بتایا کہ یہ پہلی پرواز تھی اور دوسری پرواز جمعہ کو قندھار جائے گی جبکہ امدادی سامان کا ایک طیارہ خوست بھی بھجوایا جائے گا اور اب یہ سلسلہ جاری رہے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے سرکاری اور نجی شعبہ کے ساتھ ساتھ خیراتی اداروں کی جانب سے خصوصی پروازوں اور طورخم و چمن کے زمینی راستوں کے ذریعے بھی امدادی سامان افغانستان لایا جائے گا۔پاکستان کے سفیر منصور احمد خان نے کہا کہ افغانستان میں انتظامی ڈھانچے کے حوالے سے عبوری سیاسی سیٹ اپ قائم کیا گیا ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ عبوری ڈھانچہ افغان عوام کی انسانی، ترقیاتی اور گورننس کی دیگر ضروریات کو پورا کرنے کے لیے کام کرے گا۔ اس وقت افغانستان میں انسانی اور ترقیاتی ضروریات زیادہ اہم ہیں جس کے لیے ہم بین الاقوامی برادری اور دیگر ہمسایہ ممالک کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان،افغانستان کے اندرونی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر سختی سے عمل پیرا ہے۔