You are currently viewing پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے، وزیر اعظم

پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہونے دینگے، وزیر اعظم

اسلام آباد (ڈیسک) وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی خواہش ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ کر جائے، پاکستان کو ڈیفالٹ کروانے کی کوششوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ ملک سے حقیقی محبت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کی معیشت کو مضبوط کرنے کے اقدامات کیے جائیں۔ یہ لوگ معیشت کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں، معیشت برباد کرنے کے لیے بارودی سرنگیں بچھا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے آئین اور قانون کی طاقت کے ذریعے پاکستان کے عوام کو جھوٹی حکومت سے نجات دلائی، اب یہ سیاسی شرپسند چاہتے ہیں کہ ملک میں سرمایہ کاری نہ ہو، انتشار ہو، یہ لوگ مسلسل جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں۔ ہم نے پاکستانیوں کی جھوٹی حکومت سے جا ن چھڑائی، اب عوام کو روزگار اور دیگر پریشانیوں سے نجات دلائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کو بھوک، سردی اور بیماریوں سے بچانا ہماری اولین ترجیح ہے، لیکن سیاسی شریروں کو اس سے کوئی غرض نہیں، یہ مطلب پرست لوگ ہیں، انھیں اپنے مفادات عزیز ہیں۔
میں کہتا ہوں کہ عوام کی حالت پر رحم کریں، مہنگائی، بے روزگاری کے عذات سے عوام کو نجات دلائیں، غریب لوگوں کو دو قت کی روٹی کمانے کے مواقع مہیا کیے جائیں۔
پاکستان میں حالیہ مہنگائی گزشتہ چار سالوں کی بدعنوان حکومت کا نتیجہ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عوام کی زندگیوں سے مہنگائی کا زہر ختم کرنے میں ہمارا ساتھ دیں، رکاوٹیں دور کریں۔
سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت مضبوط اور قومی سلامتی کو یقینی بنائیں۔

Nimra Jamali

Nimra Jamali is an emerging content writer, who is writing for News Pakistan TV for quite some time now.