You are currently viewing پاکستان ٹیلی ویژن کل اپنی 58 ویں سالگرہ منا رہا ہے

پاکستان ٹیلی ویژن کل اپنی 58 ویں سالگرہ منا رہا ہے

کوئٹہ (ڈیسک)پاکستان ٹیلی وژن گزشتہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے ملک میں نشریات کے مسلمہ تقاضوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ قومی مقاصد کی آبیاری اور سربلندی کیلئے کوشاں ہے ۔ایک رجحان ساز ادارے کے طور پراس ادارے کی خدمات وطن عزیز میں علم و ادب اور تہذیب و ثقافت سے بھی عبارت ہیں ۔
کل بروز ہفتہ پی ٹی وی کی ملک و قوم کے لئے خدمت اور کامیابی کی 58 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ پی ٹی وی ہوم کے متفرق اور متنوع پروگرام ہوں یا پی ٹی وی نیوز کے بلیٹنز اور حالات حاضرہ کے تجزیاتی تبصرے، پی ٹی وی سپورٹس کی دنیا بھر میں کھیلوں کی کوریج ہو یا تبصرے، یورپ اور امریکہ میں پی ٹی وی گلوبل کی نشریات ہو یا علاقائی ثقافت کے دلکش رنگوں سے مزین پی ٹی وی نیشنل کی نشریات کا ذکر ہو، اے جے کے ٹی وی کی صورت میں کشمیری امنگوں کی ترجمانی ہو یا پی ٹی وی بولان کے ثقافتی مظاہر المختصر پاکستان ٹیلی ویژن کا ہر چینل اپنی ہمہ گیر اہمیت کا حامل ہے۔
پاکستان ٹیلی ویژن کی نشریات سے قوم کی مستقل وابستگی کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ اس چینل نے دینی اور اخلاقی اقدار کو ہمیشہ بڑی احتیاط سے ملحوظ رکھا ہے۔ چینلز کی دوڑ میں پی ٹی وی کے پروگرام اخلاقیات کے مروجہ تقاضوں پر پورے اترنے کے ساتھ ساتھ پاکیزہ، صحت مندانہ اور تعمیری انداز فکر کا محرک ثابت ہوتے ہیں۔ نئی نسل کی ذہنی بالیدگی اور فکری تربیت میں پی ٹی وی نشریات کی اہمیت مسلمہ ہے جس کا سبھی اعتراف کرتے ہیں۔
اایک روشن خیال دنیا میں اپنا آپ منوانے اور سائنسی و صنعتی ترقی میں اقوام عالم کے شانہ بشانہ آگے بڑھنے کی تگ و دومیں پاکستانی قوم کی کامیابی کے لئے پی ٹی وی کا کردار صرف اس ادارے ہی نہیں بلکہ پوری قوم کا سرمایہ افتخار ہے ۔پی ٹی وی کی کامیابیوں میں فنکاروں سمیت دیگر ہنرمندوں نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے ان کی تخلیقی صلاحیتیں اس ادارے کی مقبولیت کا ایک اہم سبب ہیں ۔