اسلام آباد (ڈیسک) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی ”سنٹرل ایشیاء وژن“ پالیسی کے ذریعے وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ دیرپا اور نتیجہ خیز روابط قائم کرنا چاہتا ہے، پاکستان تمام وسطی ایشیائی ریاستوں بالخصوص قزاخستان کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تمام امور پر تعاون کو مزید فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز پارلیمنٹ ہاؤس میں قزاخستان کی ایوان زیریں (قزاخستان پارلیمنٹ کی مجلس) کے چیئرمین یرلان کوشانوف کی قیادت میں پاکستان کا دورہ کرنے والے پارلیمانی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی اور وفاقی وزیر شازیہ عطا مری بھی موجود تھیں۔ اسپیکر نے کہا کہ پاکستان کی (سینٹر ایشیا وژن ) پالیسی کا بنیادی جزو خشکی سے گھری وسطی ایشیائی ریاستوں کو بندر گاہوں تک آسان رسائی کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کو آسان اور مختصر راستوں کے ذریعے باقی دنیا سے منسلک کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے چیئرمین یرلان کوشا نوف کا ان کی دعوت پر پارلیمانی وفد کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کرنے پر شکریہ ادا کیا۔چیئرمین یرلان کوشانوف نے اسپیکر قومی اسمبلی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے حالیہ سیلاب سے پاکستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہا ر کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان کے پالیمانی وفد کا حالیہ دورہ اور قزاخستان کے صدر کا آئندہ دورہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے میں اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے اسپیکر قومی اسمبلی کو قزاخستان کا دورہ کرنے کی بھی دعوت دی ۔وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت اور سماجی تحفظ شازیہ عطا مری نے دونوں ممالک میں سیاحت، تجارت اور دیگر اقتصادی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیا۔ یرلان کوشانوف نے ملاقات کے دوران زیر بحث معاملات سے مکمل اتفاق کیا اور دونوں ممالک میں امن اور خوشحالی کو فروغ دینے کے لیے آنے والے تمام مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرنے کا یقین دلایا۔ قبل ازیں چیئرمین یرلان کوشانوف نے اسپیکر ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور دونوں ممالک کے ارکان پارلیمنٹ کی موجودگی میں پارلیمنٹ کے سبزہ زار میں میگنولیا گرینڈی ی فلورا کا پودا لگایا۔ بعدازاں وفد نے قومی اسمبلی کے ہال کا بھی دورہ کیا جہاں وفد کو قانون سازی اور ووٹنگ کے طریقہ کار پر بریفنگ دی گئی۔

پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ دیرپا روابط کا خواہاں ہے، راجہ پرویز اشرف
- Post author:نیوز پاکستان
- Post published:12/12/2022 19:12
- Post category:اسلام آباد / پاکستان / دنیا / سیاست
- Post last modified:12/12/2022 19:12
- Reading time:1 mins read
Tags: اسپیکر قومی اسمبلی, اسلام آباد, پاکستان نیوز, راجہ پرویز اشرف, قزاخستان کے وفد سے ملاقات, نیوز پاکستان, نیوز پاکستان اردو, نیوز پاکستان ٹی وی, یرلان کوشانوف
نیوز پاکستان
Exclusive Information 24/7