کراچی (ڈیسک) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پہلے ٹیسٹ میچ کے پانچویں روز پاکستان نے اپنی دوسری اننگز میں اب سے کچھ دیر قبل تک 130رنز بنائے اور اس کے 4کھلاڑی آئوٹ ہو ئے۔
پاکستان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 438رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی تھی، نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 612رنز بنائے تھے اور اس کے 9کھلاڑی آئوٹ ہوئے تھے، جس کے بعد مہمان ٹیم نے اپنی اننگز ڈکلیئرڈ کر دی تھی۔
دوسری اننگز میں ایک بار پھر پاکستانی اوپنرز خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور یکے بعد دیگرے آئوٹ ہو تے چلے گئے۔ آج نیشنل اسٹیڈیم میں پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 77 رنز دو کھلاڑی آؤٹ سے کیا۔
امام الحق نے 45اور نعمان علی نے 4رنز پر کھیل کا آغاز کیا ، نعمان علی بغیر کوئی رن بنائے 4پر ہی آئوٹ ہو گئے، انھیں بریس ویل نے ایل بی ڈبلیو آئوٹ کیا۔
امام الحق اپنی نصف سنچری کرنے میں کامیاب ہو گئے، کپتان بابر اعظم خلاف توقع قابل ذکر اننگز نہ کھیل سکے اور صرف 14رنز بنا کر پویلن پہنچ گئے، اسپن بالر اش سودھی نے انھیں ایل بی ڈبلیو آئوٹ کر دیا، اس وقت پاکستان کا اسکور 100تھا۔ گزشتہ روز عبداللہ شفیق صرف 17رنز بنا کر آئوٹ ہو گئے، شان مسعود نے 10رنز بنائے ۔
