اسلام آباد(ڈیسک)پاکستان میں گزشتہ سال 2020کے دوران 21فیصد بجلی کوئلے کی مدد سے حاصل کی گئی ، رواں سال 2021کے دوران کوئلہ کی طلب میں اضافہ متوقع ہے۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی )نیپرا( کی رپورٹ کے مطابق بجلی پیدا کرنے والے تین پاور پلانٹس چائینہ حبکو ، ساہیوال اور پورٹ قاسم کی کوئلے کی سالانہ طلب 10تا 12ملین ٹن ہے ۔ کلینڈر سال 2020کے دوران کوئلے کی مدد سے پیدا کی جانے والی 21فیصد بجلی ملک کی انرجی مکس پیداوار کا حصہ تھی ۔ رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نیا پاکستان ہاسنگ سکیم کے تحت سیمنٹ کی طلب میں اضافہ کے پیش نظر سیمنٹ کا شعبہ بھی اپنی پیداواری استعداد بڑھا رہا ہے جس سے کوئلے کی طلب میں مزید اضافہ متوقع ہے ۔ پاکستان انٹر نیشنل بلک ٹرمینل لمیٹڈ کے سی ایف او ارسلان افتخار خان نے کہا ہے کہ سال 2020کے دوران پی آئی بی ٹی کے ذریعے 9.496ملین ٹن کوئلہ درآمد کیا گیا ہے جبکہ سال 2019میںدرآمدات کا حجم 8.994ملین ٹن رہا تھا ۔مزید برآں جنوری 2021کے دوران کوئلے کی درآمدات 8لاکھ ٹن تک پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال 2021کے دوران کوئلے کی درآمدات میں خاطر خواہ اضافہ متوقع ہے ۔