اسلام آباد /کراچی (ڈیسک) پاکستان میں کورونا وائرس سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ گزشتہ روز کورونا وائرس کے مزید 67 کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 304 ہو گئی ہے۔
سندھ میں 36، گلگت بلتستان میں 10، پنجاب اوربلوچستان میں 7، 7 جبکہ اسلام آباد اور خیبرپختونخوا میں 3، 3 اور آزاد کشمیر میں ایک کورونا وائرس کے کیس کی تصدیق ہوئی۔
خیبرپختونخوا کے وزیرصحت تیمور خان جھگڑا نے ٹوئٹ میں تصدیق کی کہ مردان سے تعلق رکھنے والا ایک مریض انتقال کرگیا ہے تاہم اس کے علاوہ انہوں نے مریض کی کوئی تفصیلات نہیں بتائیں۔
بعد ازاں دوسری ٹوئٹ میں صوبائی وزیر صحت نے صوبے میں کورونا وائرس سے دوسری ہلاکت کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ لیڈی ریڈنگ اسپتال پشاور میں زیرعلاج ہنگو کا 36 سالہ رہائشی جاں بحق ہوگیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال کے ترجمان کے مطابق مریض عبد الفتح کو گزشتہ رات تشویشناک حالت میں لیڈی ریڈنگ اسپتال لایا گیا جہاں مریض کی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔
ترجمان نے بتایا کہ جاں بحق شہری عبدالفتح چند روز قبل دبئی سے وطن واپس آیا تھا