You are currently viewing پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی

پاکستان میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1500 سے تجاوز کر گئی

اسلام آباد (ڈیکس)خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس کے مزید 8 کیسز سامنے آنے کے بعد پاکستان میں وبا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1504 تک پہنچ گئی ہے جب کہ جاں بحق افراد کی تعداد 12 ہے۔

گزشتہ روز رات 12 بجے تک ملک میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 1496 تھی لیکن کے پی میں نئے کیسز سامنے آنے کے بعد یہ تعداد 1500 سے تجاوز کر چکی ہے۔

کے پی ہیلتھ ڈپارٹمنٹ نے بھی صوبے میں 8 نئے کیسز کی تصدیق کر دی ہے جس کے بعد صوبے میں مصدقہ کیسز کی تعداد 188 تک پہنچ گئی ہے۔

چند روز قبل لوئر دیر کے علاقے مدینہ آباد زیارت تالاش گاؤں کی خاتون کورونا وائرس کے باعث جاں بحق ہو گئی تھی جس کی تصدیق گزشتہ روز کی گئی تھی۔

اسسٹنٹ کمشنر تیمر گرہ کے مطابق کورونا وائرس کی تصدیق کے بعد پورے زیارت تالاش گاؤں کو قرنطینہ قرار دے دیا گیا ہے۔

کورونا وائرس سے خیبرپختونخوا میں اب تک 4 اموات ہو چکی ہیں جب کہ پنجاب میں 5، بلوچستان، سندھ اور گلگت میں ایک ایک ہلاکت رپورٹ ہو چکی ہے۔

ہفتے کے روز پاکستان میں کورونا وائرس کے 123 نئے کیسز سامنے آئے ہیں جن میں سے سندھ میں 29، اسلام آباد میں 12، گلگت میں 8، پنجاب میں 67 اور بلوچستان میں 7 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی۔

پاکستان میں مہلک وائرس سے متاثرہ 31 افراد اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں جن میں سے 14 کا تعلق سندھ، 6 کا گلگت بلتستان، 5 کا پنجاب سے ہے جب کہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان سے بھی 2، 2 افراد صحت مند ہو چکے ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 557 ہے جس کی تصدیق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزارت صحت پنجاب نے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے بھی کر دی ہے۔

سندھ میں کورونا وائرس کے مجموعی تعداد 469 ہے۔ترجمان صوبائی وزارت صحت کے مطابق کراچی میں مزید 25 کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں متاثرہ افراد کی تعداد 189 تک پہنچی ہے۔

اس کے علاوہ حیدر آباد میں بھی مزید 4 نئے کیس رپورٹ ہوئے جس کے بعد شہر میں مجموعی تعداد 7 ہوگئی ہے جبکہ ایک کیس دادو سے رپورٹ ہوا۔

ترجمان نے بتایا کہ تفتان سے سکھر لائے گئے زائرین میں سے 265 اور لاڑکانہ میں موجود زائرین میں 7 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے تھے۔

بلوچستان میں گزشتہ روز 7 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد 138 ہوگئی ہے۔

سرکاری پورٹل کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں اب تک 39 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔

گلگت بلتستان میں بھی 111 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے۔انفارمیشن ڈپارٹمنٹ گلگت بلتستان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز 78 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 8 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے جب کہ 70 افراد کے ٹیسٹ منفی آئے

 

 

 

Staff Reporter

Rehmat Murad, holds Masters degree in Literature from University of Karachi. He is working as a journalist since 2016 covering national/international politics and crime.