نیویارک (ڈیسک) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب سے متاثر ہونے والے علاقوں کی بحالی ہماری اولین ترجیح ہے، خاص طور پر وہ لوگ جو سیلاب کی وجہ سے بنیادی انسانی سہولتوں سے محروم ہو چکے ہیں، انھوں نے کہا کہ اگر لوگوں کی مدد نہ کی گئی تو المیہ جنم لے سکتا ہے۔
یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سیلابی صورت حال سے دنیا کو آگاہ کرنے کی پاکستانی کوششوں کو بھی سراہا۔ انھوں نے کہا کہ اقوام متحدہ میں ’’جی 77وزارتی کانفرنس‘‘ اور چین کی وزارتی کانفرنس میں سیلاب زدگان کا احوال بروقت عالمی رہنمائوں کے سامنے رکھنا پاکستان کی کامیابی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی انتونیو گوتریس سے ملاقات میں یو این سیکریٹری جنرل نے پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری انسانی امدادی کاموں کے ساتھ ساتھ طویل مدتی بحالی اور تعمیر نو کے لیے مکمل حمایت اور تعاون کا اعادہ کیا۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ پاکستان کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بنیادی ضروریات کا فقدان ہے اس لیے اقوام متحدہ کی کی اولین ترجیح ان علاقوں کی فوری تعمیر نو اور سہولیات کی فراہمی ہے۔
وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے تباہ کن سیلاب کے تناظر میں پاکستان کے ساتھ بڑے پیمانے پر تعاون کرنے اور 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں موسمیاتی تبدیلیوں سے متعلق پاکستان کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس کے اعلان پر سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا شکریہ ادا کیا۔
