کراچی (نیوز ڈیسک) معروف مذہبی اسکالر ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رہ کر جنت میں جانے کے امکانات امریکا کے مقابلے میں سیکڑوں گنا زیادہ ہیں۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک نے گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مسلم ملک کو چھوڑ کر غیر مسلم ملک میں بسنےکی حمایت نہیں کرتا، دوسروں کی نقل کر کے زندگی کا مقصد حاصل نہیں کیا جاسکتا، اس مقصد کو اللہ کے احکامات پر عمل کر کے حاصل کیا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ قرآن میں والدین کے ساتھ حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے لیکن والدین اگر اللہ اور اس کے رسول کےخلاف حکم دیں تو نہ مانو۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک کا کہنا تھا کہ پاکستان امریکا سے کہیں بہتر ہے ، پاکستان میں رہ کر جنت میں جانے کے امکانات امریکا کے مقابلے میں سیکڑوں گنا زیادہ ہیں۔
یاد رہے کہ ڈاکٹر ذاکر نائیک حکومت پاکستان کی دعوت پر پاکستان آئے ہیں، وہ کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں مختلف تقاریب سے خطاب اور اہم ملکی شخصیات سے ملاقات بھی کریں گے۔
ڈاکٹر ذاکر نائیک ان دنوں 10 روزہ دورے پر کراچی میں موجود ہیں۔