اسلام آباد (ڈیسک) چینی سفیر ژاوٴ جنگ نے کہا ہے کہ ہم چین اور پاکستان اور آپس کے تعلقات کے حوالے سے ہر قسم کے پروپیگنڈا کو مسترد کرتے ہیں۔
پاکستان میں تعینات چینی سفیر ژاوٴ جنگ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ مغربی میڈیا سنکیانگ کے حوالے سے غلط پروپیگنڈا کر رہا ہے جب کہ ہانگ کانگ میں مظاہروں کے حوالے سے بھی پروپیگنڈا کیا جارہا ہے، چین ترقی کر رہا ہے اور یہ ترقی پرامن طریقے سے ہے، چین کی ترقی کی سالانہ شرح میں گزشتہ سال اضافہ ہوا ہے، فی کس آمدنی دس ہزار ڈالرز سالانہ سے بڑھ گئی ہے آپ کو سنکیانگ کے دورے پر مدعو کروں گا، خود صورتحال کا جائزہ لیں اور حقائق دیکھیں۔
ژاوٴ جنگ نے کہا کہ سی پیک کسی صورت سست روی کا شکار نہیں، گوادر میں تکنیکی تعلیم، اسپتال، نیا ہوائی اڈا، پاور پلانٹ اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے مکمل ہوئے، سی پیک کے مزید 7 منصوبے مکمل، 10 تکمیل کے قریب ہیں، جب کہ ریلوے مین لائن ون منصوبہ جلد شروع ہو گا، منصوبے پر خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے۔
چینی سفیر کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شراکت داروں کی ترقی اور ان سے بہتر ترقیاتی تعلقات چاہتے ہیں اس میں پاکستان کو اولین ترجیح حاصل ہے، پاکستان سے ہمارا تعلق صرف سی پیک کی حد تک نہیں بلکہ دفاع اورعالمی امور سمیت تمام شعبوں میں تعاون موجود ہے، پاکستانی قوم کا مستقبل بہت روشن ہے، ہم چین اور پاکستان اور آپس کے تعلقات کے حوالے سے ہر قسم کے پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہیں۔
چین کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے معاملے پر شدید تشویش ہے، بھارتی غیرقانونی اقدامات اور طرزعمل خطے کی سلامتی کیلئے بڑا چیلنج ہے، بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر پر یکطرفہ غیرقانونی اقدامات ناقابل قبول ہیں، چین سلامتی کونسل کا مستقل رکن ہے اور مسئلہ جموں و کشمیر ہمیشہ سے سیکیورٹی کونسل کے ایجنڈے پر ہے، بین الاقوامی برادری کو مسئلہ جموں و کشمیر کے حل کیلئے آگے بڑھنا ہوگا۔